مینگلور 25؍فروری (ایس او نیوز) مندروں کی زیارت کے لئے آنے والے منڈیا کے رہائشی افراد کی ٹورسٹ کار بے قابو ہوکر پلٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک بزرگ خاتون لِنگمّا (۷۵سال) موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔یہ حادثہ ضلع دکشن کنڑا کے اپن انگڈی پولیس اسٹیشن کے حدود میں شری باگیلو گاؤں میں پیش آیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق حادثے میں منو(۳۵سال)، سُوما (۲۶سال)، آدرش (۳۸سال) شدید زخمی ہوگئے ہیں۔انہیں علاج کے لئے پتور کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔اپن انگڈی پولیس اسٹیشن میں معامل درج کیا گیا ہے۔
ایک دوسرا حادثہ اپن انگڈی سبرامنیا ریاستی ہائی وے پر پڈنور نامی علاقے میں پیش آیا، جس میں بے قابو کار کے پلٹ جانے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ان زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔اس کار میں موجود نوجوانوں کا تعلق ہاسن سے بتایا جاتا ہے جو سبرامنیا مندر کی زیارت کے بعد منگلورو کی طرف لوٹ رہے تھے۔ حادثے میں کار بری طرح تباہ وبرباد ہوگئی ہے۔کڈبا پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا ہے اور معاملہ درج کرلیا ہے۔